۱۰۰ طلبہ کی استعداد والے کالج اور ۵۰۰ بیڈ کی گنجائش کے اسپتال کی تعمیرات کے لئے ۴۰۷ کروڑ منظور
رائے گڑھ ضلع کی نگراں وزیر ادیتی تٹکرے نے علی باغ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دی معلومات
صباح شیخ
مروڈ جنجیرہ:۔رائے گڑھ ضلع کی راجدھانی علی باغ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال کی تعمیر کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔میڈیکل کونسل آف انڈیا اور مرکزی حکومت نے میڈیکل کالج شروع کرنے کے لئے ہری جھنڈی دکھادی ہے۔۱۰۰ طلبہ کی گنجائش والے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ۵۰۰ بیڈ کی استعداد رکھنے والے اسپتال کے تعمیراتی کاموں کو تکنیکی منظوری مل چکی ہے۔ اس کے لئے خصوصی فنڈ بھی منظور کر لیا گیا ہے اس بات کا اعلان رائے گڑھ ضلع کی نگراں وزیر محترمہ ادیتی تٹکرے نے کل علی باغ میں منعقدہ پریس کونفرنس میں کیا۔یہ پریس کانفرنس آر سی ایف کالج کرول میں منعقد کی گئی تھی ۔را ئے گڑھ ضلع کا یہ پہلا گورنمنٹ ایم بی بی ایس کالج ہے جو علی باغ کے اوسر کے علاقے میںتعمیر کیا جا رہا ہے ضلع کی سرپرست وزیر ادیتی تٹکرے نے کہا کہ این ٹی اے ، سرکاری طبی شعبہ اور میڈیکل کونسل کی گائیڈ لائن کے مطابق امسال کالج میں داخلے کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔کالج کا یہ پہلا بیچ ہوگا جس میں ۱۰۰ طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔سرپرست وزیر محترمہ ادیتی تٹکرے نے کہا کہ ضلع میں طبی شعبے میںتعلیم کے مو اقع فراہم کرنے کے لیے حکومت نے علی باغ میں 100 طلباکی گنجائش والے سرکاری میڈیکل کالج کی تعمیر اور مشینری ، آلات نصب کرنے اورڈاکڑوں کے علاوہ تعلیمی اور غیر تعلیمی اسامیوں کو پر کرنے کو منظوری دی ہے۔ صحافی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رائے گڑھ ضلع میں شعبہ طب کو اور بہتر بنانے کے لئے ہماری کوشش جاری رہے گی، علی باغ میں شروع ہونے والے ایم بی بی ایس کالج اسی کی ایک کڑی ہے۔ اسی مناسبت سے ، علی باغ کے موضع اوسر میں کل 52 ایکڑ اراضی پر ۵۰۰ بیڈ کی گنجائش والا اسپتال بھی جلد تعمیر کیا جائے گا اس کے ساتھ بیرون ضلع طلبہ کے لئے ہوسٹل کی تعمیر اتی کاموں کو بھی منظوری مل چکی ہے۔ اس ضمن میں ملنے والی مزید اطلاعات کے مطابق کالج اور اس سے ملحقہ اسپتال کے لئے حکومت نے ۴۰۷ کروڑ روپے منظور کئے ہے۔ محترمہ ادیتی تٹکرے نے آخر میں کہا کہ اہلیان رائے گڑھ کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔اب کوئی بھی طالب علم طبی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے ریاست کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے ، نائب وزیر اعلی اجیت دادا پوار،وزیر صحت راجیش ٹوپے ، وزیر شعبہ طبی تعلیم امیت دیشمکھ ،رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان وزراء کی کاوشوں سے میں رائے گڑھ ضلع میں میڈیکل کالج کھولنے میں کامیاب ہوئی ہوں۔اس پریس کانفرنس میں ضلع پریشد کے چیف افسر کرن پاٹل، ضلع ایس پی اشوک دودھے،میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹر ٹھاکور، ضلع سول سرجن سہاس مانے، انفارمیشن افسر منوج صانپ ،کے علاوہ دیگر سرکاری شعبوں کے افسران موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں