جمعیۃعلماء علی باغ نے بلا تفریق مذہب و ملت سیلاب متاثرین کی امداد کی
سراج شیخ
مروڈ جنجیرہ:گزشتہ دنوں مروڈ تعلقے میں ہونے والی موسلادھار بارش سے عوام کے معمولات زندگی بری طرح درہم برہم ہوگئے تھے۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے سے ہاہا کار مچ گئی تھی۔ سیلابی پانی مکانوں میں داخل ہوجانے سے سیکڑوں لوگ متاثر ہوئے لوگوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔ اس سیلاب کی وجہ سے بورلی مانڈلہ کا علاقہ زیادہ متاثر ہوا۔ایسی صورت حال میں جمعیۃعلماء علی باغ نے قاضی کوکن مولانا قاضی حسین ماہمکر کی رہنمائی میں اور علی باغ جمعیۃ کے صدر مولاناماہر تانڈیل کی نگرانی میں جمعیۃ کے ذمہ داروں نے سیلاب زدہ بورلی اور مانڈلہ کا دورہ کیااورنقصانات کا جائزہ لینے کے بعد پریشان حال ومفلوک الحال لوگوں کو فوری طور پر غذائی رسد و خوراک اور دیگر اشیاء ضروریہ مہیا کرائی گئی۔ان میںراشن کیٹ ، گیس اسٹو ، اور برتن شامل ہیں۔جبکہ اہل علی باغ کی جانب سے بھی ضروری اجناس اور ایک ویلڈنگ مشین کی رقم بھی جمعیتہ کے سپرد کی گئی۔ خاص بات یہ رہی کہ اس مصیبت کی گھڑی میں جمعیۃ علماء نے یہ امدادی کام بلا تفریق مذہب و ملت انجام دیا ہے۔علی باغ جمعیۃ علماء کے صدر مولانا مفتی ماہر تانڈیل کہا کہ حادثات یا قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں جمعیۃ علماء امدادی کاموں میں پیش پیش رہتی ہے، ایسی مصیبت کی گھڑی میں علماء اکرام کی ٹیمیں راحتی کاموں میں شب و روز لگی رہتی ہیں اور یہ کام بلا تفریق مذہب و ملت کیا جاتا ہے انہوں اہل خیر حضرات ، ملی و سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ایسے موقعوں پر اپنا دست تعاون دراز کریں اور جمعیتہ کے ہاتھ مضبوط کریں۔یہ امدادی کام ضلع جمعیۃ کے نائب صدر فاروق سید، مولانا سہیل پٹیل،مولاناماہر تانڈیل،مولانا مدثر مقادم،مولانا ابرار،حافظ ناظم،صفیر داکھوے،ظہیر سوداگر،اصغر بھائی، گورمے صاحب،ڈاکٹر ساجد شیخ،نواب پلوکر،جاوید سید، آصف سید،کے علاوہ بورلی و مانڈلہ کے نوجوانوں کی کوششوں سے انجام کو پہونچا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں